Tuesday, April 23, 2024

وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر زرداری کا رابطہ، پنجاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر زرداری کا رابطہ، پنجاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال
December 20, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری کا رابطہ ہوا، پنجاب کی صورتحال پردونوں رہنماؤں میں مشاورت ہوئی۔

سابق صدر آصف زرداری نے شہباز شریف کو اپنے سیاسی رابطوں سے آگاہ کیا، دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ سیاسی و معاشی استحکام یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

سابق صدر کی نواز شریف سے بھی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے لیے تمام آپشنز پر گفتگو کی گئی۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن کے وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کے بعد سے پنجاب کی سیاسی صورتحال میں بڑی ہلچل مچ گئی ہے۔

گورنر بلیغ الرحمٰن کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی پارٹی صدر چودھری شجاعت حسین کا اعتماد کھو چکے ہیں، پی ٹی آئی اور ق لیگ میں اختلافات کی خبریں سامنے آئی ہیں، بطور گورنر سمجھتے ہیں کہ آپ اسمبلی کا اعتماد کھوچکے، آئین کے تحت آپ اعتماد کا ووٹ لیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری پنجاب میں متحرک نظر آ رہے ہیں، اس حوالے سے چودھری شجاعت حسین سے بھی ملاقات کی، پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کا ٹاسک بھی سونپا گیا۔