اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزراعظم نے عہدے کا چارج لینے پر آرمی چیف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی قیادت کرنا ایک بڑا اعزاز ہے، امید ہے کہ آپ کی قیادت میں مسلح افواج ملکی سکیورٹی کو درپیش چیلنجز کا مزید بہتر طریقے سے مقابلہ کریں گی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے، مادر وطن کے تحفظ و سلامتی اور دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے میں پاک فوج کے کردار پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر بات چیت بھی کی گئی۔
دوسری طرف صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے الگ، الگ ملاقاتیں کیں، جس میں ملکی سلامتی اور سکیورٹی صورتحال سے متعلق گفتگو کی گئی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکبادیں دیں۔