وزیراعظم شہباز شریف قائد ن لیگ نواز شریف سے ملنے مصر سے لندن چلے گئے
لندن (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورہ مصر مکمل کر کے نواز شریف سے ملنے لندن چلے گئے۔
شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہو گی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم مصر سے نجی دورے پر لندن روانہ ہوئے ہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم شہاز شریف نے ناروے کے وزیراعظم جوناس گہرسٹور کے ہمراہ موسمیاتی تبدیلی اور کمزور کمیونٹیز کے استحکام کے موضوع پر کانفرنس کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے کہا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کا بوجھ برابری کے بجائے منصفانہ طور پر تقسیم ہونا چاہئے کیونکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سب سے زیادہ کمزور طبقے پر پڑتے ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی سے آج پاکستان متاثر ہوا ہے، کل کوئی دوسرا ملک بھی ہو سکتا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ ہماری منصوبہ بندی سے کہیں زیادہ تیزی سے ہو رہی ہے جس کا زیادہ نشانہ کم ترقی یافتہ ممالک ہیں۔ پاکستان میں سیلاب اس کی بڑی مثال ہے۔ پاکستان کے پاس دنیا کے سب سے موثر سماجی تحفظ کے پروگراموں میں سے ایک کا بنیادی ڈھانچہ موجود ہے جس کا نام بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے۔ اس پروگرام کو مختلف عطیہ دہندگان کے ذریعے سپورٹ کیا جا سکتا ہے۔