Friday, May 17, 2024

آئین پاکستان مقدم ہے، پاکستان کی ترقی کے دشمن منہ کی کھائیں گے، وزیراعظم

آئین پاکستان مقدم ہے، پاکستان کی ترقی کے دشمن منہ کی کھائیں گے، وزیراعظم
March 22, 2023 ویب ڈیسک

تھرپارکر (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ آئین پاکستان مقدم ہے، پاکستان کی ترقی کے دشمن منہ کی کھائیں گے۔

شہبازشریف نے تھرپارکر میں تین سو تیس میگا واٹ کے بجلی منصوبے کا افتتاح کردیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیراور صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ ہمراہ تھے۔

بدھ کے روز تھر میں منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی ترقی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا جو لوگ کہتے ہیں کوئلے سے بجلی نہیں بننی چاہیئے، وہ لوگ دراصل پاکستان کی ترقی کے مخالف ہیں، سی پیک کا اگلا مرحلہ زراعت کے شعبے میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تھر میں برسوں کی محنت کے بعد ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ تھر کے ریتلے میدان میں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہوکر ملک بھر میں پھیل رہی ہے، منصوبوں کی تکمیل قومی اہمیت کی حامل ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تھر کے کوئلہ کے ذخائر اللہ تعالی نے ہمیں دیئے ہیں، تھر کا کوئلہ استعمال کرکے بجلی بنانے سے کوئلہ باہر سے نہیں منگوانا پڑے گا۔ اس اقدام سے بڑے پیمانے پر بچت ہوگی، تھر میں عظیم منصوبے کا آغاز ہوگیا ہے، بدقسمتی سے گزشتہ 4 سال میں اس ضمن میں بالکل کام نہیں ہوا تھا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو بولے وفاقی حکومت سندھ حکومت سے تعاون کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھر کول پراجیکٹ پاکستانی عوام کیلئے تحفہ ہے۔