Sunday, May 19, 2024

قومی سلامتی کمیٹی کا دہشتگردی کا ہر سطح پر مقابلہ، افغان بارڈز محفوظ بنانے پر اتفاق

قومی سلامتی کمیٹی کا دہشتگردی کا ہر سطح پر مقابلہ، افغان بارڈز محفوظ بنانے پر اتفاق
December 30, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – قومی سلامتی کمیٹی نے دہشت گردی کا ہر سطح پر مقابلہ اور خاتمہ کرنے جبکہ افغان بارڈز کو محفوظ بنانے پر اتفاق کیا۔

دہشتگردی کے خلاف سول اور عسکری قیادت ایک پیج پر، قومی سلامتی کمیٹی نے پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس نے دوٹوک رائے کا اظہار کیا کہ پاکستان کے قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور نہ ہی کسی کو بھی قومی سلامتی کے کلیدی تصور کو نقصان پہنچانے کی اجازت دیں گے، اسلام آباد سے فہیم اختر کی رپورٹ

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں مسلح افواج، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔ اجلاس نے ملکی معیشت اور امن وامان کا تفصیل سے جائزہ لیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی صورتحال اور چیلنجز سے آگاہ کیا اور اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے اختیار کی گئی معاشی حکمت عملی اور اقدامات کے بارے میں شرکاء کو بریفنگ دی۔

انٹیلی جنس اداروں نے ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی اور دہشت گردی کی حالیہ لہر سے متعلق عوامل اور ان کے سدباب کے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

وزیر مملکت خارجہ محترمہ حنا ربانی کھر نے افغانستان کی صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی اور پاکستان کے افغانستان کی عبوری حکومت سے ہونے والے رابطوں سے آگاہ کیا۔

اعلامیہ کے مطابق، اجلاس نے دوٹوک رائے کا اظہار کیا کہ پاکستان کے قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور نہ ہی کسی کو بھی قومی سلامتی کے کلیدی تصور کو نقصان پہنچانے کی اجازت دیں گے۔ پاکستان کی بقا، سلامتی اور ترقی کے بنیادی مفادات کا نہایت جرات وبہادری، مستقل مزاجی اور ثابت قدمی سے تحفظ کیا جائے گا۔

اجلاس نے دہشت گردی کے خلاف شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اُن کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے اجتماعی دعا کی۔

اجلاس نے عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردپاکستان کے دشمن ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف ایک بیانیہ پر متحد ہے۔

نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس 2 جنوری 2023 کو بھی ہوگا جس میں سامنے آنے والی تجاویز کی روشنی میں مزید فیصلے کیے جائیں گے۔