اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی، دونوں برادر ممالک کے درمیان کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے ولی عہد سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی اُمور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ روابط کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ وزیراعظم نے 20 لاکھ پاکستانیوں کے لیے سعودی عرب کی مہمان نوازی و تعاون کو سراہا۔ وزیراعظم اور ولی عہد نے بڑھتے ہوئے اعلیٰ سطح کے روابط پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں کا کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے میں معاون ہو گا۔ وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، ترقی اور عوام کے درمیان روابط کو بڑھانے کی اہمیت پر زوردیا اور سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے سعودی عرب کی امداد کو سراہا۔