Tuesday, April 23, 2024

وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات، نواز شریف کی وطن واپسی سمیت دیگر امور پر گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات، نواز شریف کی وطن واپسی سمیت دیگر امور پر گفتگو
September 18, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں نواز شریف کی وطن واپسی سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے حسن نواز کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور افواج پاکستان سیلاب زدگان کی مدد کر رہی ہے۔ بہت بڑی آفت ہے اس پر قابو پانے کی کوشیش میں مصروف ہیں

انہوں نے کہا کہ سیلاب میں گھرے عوام کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔ این ڈی ایم اے، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں مل کر سیلاب زدگان کی مدد کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر اِنکم سپورٹ فنڈز سے متاثرین کو پچیس ہزار روپے دئیے جائیں گے ۔ وفاقی حکومت عنقریب ان کے لیے پیکیج کا اعلان کرے گی۔وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں مل کر سیلاب زدگان کی مدد کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی نوازُشریف سے ملاقات میں پنجاب حکومت میں تبدیلی کے طریقہ کار اور نوازشریف کے پاکستان جانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ۔ لیگی ذرائع کے مطابق اہم مشاورتی اجلاس میں رواں سال نومبر میں ہونے والی اہم تعیناتی کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق اس میٹنگ میں نواز شریف وزیراعظم شہباز شریف ، اسحاق ڈار ، سلیمان شہباز ، حسن نواز شریک ہوئے ۔ اس میٹنگ میں ممکنہ طور پر پنجاب حکومت میں تبدیلی کی صورت میں حمزہ شہباز کے علاوہ بھی دیگر ناموں پر غور کیا گیا ۔

قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف سے خواجہ محمد آصف، طارق فاطمی، مریم اورنگزیب اور احد چیمہ کی ملاقات ہوئی جس میں ملکی مجموعی صورتحال پر تبادلۂ خیال ہوا۔ اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار، حسن نواز شریف اور سلیمان شہباز بھی موجود تھے۔