Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم شہباز شریف کی کنگ چارلس سے ملاقات، ملکہ برطانیہ کے انتقال پر تعزیت

وزیراعظم شہباز شریف کی کنگ چارلس سے ملاقات، ملکہ برطانیہ کے انتقال پر تعزیت
September 19, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کی کنگ چارلس سے ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے ملکہ برطانیہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام شاہ چارلس سوم کے دورہ پاکستان کی منتظر ہیں۔ پاکستانی عوام کی ملکہ کے پاکستان کے دو دوروں کے ساتھ خوب صورت یادیں وابستہ ہیں۔ شاہی خاندان اور پاکستانی قوم کے درمیان پیار و محبت کا رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پر شاہی خاندان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بکنگھم پیلس میں کنگ چارلس سوئم کی جانب سے دنیا بھر سے معززین کے لیے دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی۔

وزیر اعظم ان عالمی رہنماؤں میں شامل ہیں، جو ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے برطانیہ میں ہیں۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف آج (پیر) سے نیویارک میں شروع ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوں گے۔