Wednesday, May 1, 2024

وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر سے ملاقات میں اسٹریٹجک پارٹنرشپ مضبوط کرنے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر سے ملاقات میں اسٹریٹجک پارٹنرشپ مضبوط کرنے پر اتفاق
November 2, 2022 ویب ڈیسک

بیجنگ (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں اسٹریٹجک پارٹنرشپ مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کر لیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ چین کے دوران چینی صدر شی جن پنگ اور چینی ہم منصب سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ صدر سے ملاقات میں اتفاق کیا کہ اسٹریٹجک اہمیت کے منصوبے کے طور پر دونوں فریق سی پیک فریم ورک کے تحت ایم ایل ون کو ابتدائی منصوبے کے طور پر شروع کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے جبکہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کے جلد آغاز کیلئے تمام رسمی کارروائیوں کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور چینی صدر مبقوضہ جموں کشمیر افغانستان کی صورتحال سمیت خطے سے متعلق اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تسلیم کیا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان علاقائی سلامتی اور اقتصادی ترقی کو فروغ دے گا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ سی پیک کی افغانستان تک توسیع سے علاقائی رابطوں کے اقدامات کو تقویت ملے گی۔

چینی ہم منصب سے ملاقات میں سی پیک منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل اور سی پیک کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ وزیرِ اعظم کو گریٹ ہال آف پیپل میں گارڈ آف آنر  بھی پیش کیا گیا۔

چینی کمپنیوں نے وزیراعظم کی کراچی میں پینے کے پانی کی فراہمی سمیت دیگر بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت قبول کر لی۔ وزیراعظم نے گوادر ہوائی اڈے پر کام کی رفتار تیز کرنے اور رواں سال کے آخر تک مکمل کرنے پر اصرار کیا تو  چینی کمپنی نے اگلے سال کے ابتدا تعمیر کی تکمیل کی یقینی دہانی کرا دی۔

گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ آگاہ ہوں کہ ماضی میں بہت مسائل آئے ہیں جس پر ہم معذرت خواہ ہیں، اقتدار سنبھالنے کے بعد کمپنیوں کو درپیش مسائل حل کئے ہیں۔ وزیراعظم نے دیامیر بھاشا منصوبے میں اراضی کے حصول کے مسائل کو حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرا دی، کہا چینی بھائیوں، بہنوں کے جاں بحق ہونے کے واقعات پر بے حد افسوس ہے۔ مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور انہیں مثالی سزا ملے گی۔ مہمند ڈیم سے متعلق مسائل حل اور سی پیک سمیت تمام منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی حفاظت یقینی بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔