اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورہ پر مصر روانہ ہوگئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف 7 اور 8 نومبر کو ’’شرم الشیخ کلائمیٹ امپلیمنٹیشن سمٹ‘‘ میں شرکت کے لیے مصر کے شہر شرم الشیخ کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلیٰ حکام بھی ہوں گے۔
یہ سربراہی اجلاس اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی 27 ویں کانفرنس کے ایک حصے کے طور پر ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم 8 نومبر کو اپنے نارویجن ہم منصب کے ساتھ ’’کلائمیٹ چینج اینڈ سسٹین ابیبلٹی آف ولنرایبل کمیونٹیز‘‘ پر ایک اعلیٰ سطحی گول میز مباحثے کی شریک صدارت بھی کریں گے۔
وزیراعظم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ایگزیکٹو ایکشن پلان کے ابتدائی وارننگ سسٹمز کے آغاز کے لیے گول میز میں بطور اسپیکر بھی شرکت کریں گے اور مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ جس کی میزبانی سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کر رہے ہیں میں بھی شرکت کریں گے۔
کوپ 27 ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب پاکستان سمیت دنیا کے دیگر حصوں میں لاکھوں لوگ موسمیاتی تبدیلی کے شدید منفی اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔