Friday, April 19, 2024

وزیراعظم شہباز شریف کامیاب دورہ چین کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف کامیاب دورہ چین کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
November 3, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کامیاب دورہ چین کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ دورے کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا۔

وزیراعظم شہبازشریف  نے عہدہ سنبھالنے کے بعد یکم سے دو نومبر تک چین  کا پہلا دو روزہ سرکاری دورہ کیا۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق  وزیراعظم نے چین میں صدرشی جن پنگ  سے ملاقات کی۔ شہبازشریف اپنے  چینی ہم منصب اور نیشنل پیپلزکانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی  کے چیئرمین سے بھی ملے۔

وزیراعظم نےچینی صدرشی جن پنگ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کر لی، کہا کہ وہ جلد  پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے ملکر کام کرنے کا بھی عہد کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 20ویں سی پی سی نیشنل کانگریس کے کامیاب اختتام پر چینی صدر کو مبارکباد پیش کی اور چین کی ترقی، خوشحالی اور قومی تجدید کو فروغ دینے میں سی پی سی اور اس کی قیادت کے مرکزی ‏کردار کو سراہا۔ چینی قیادت نے  وزیراعظم شہباز شریف کی پاک چین دوستی کے لیے دیرینہ عزم کی تعریف کی۔ شہباز شریف نے پاک چین سٹریٹجک تعاون پرمبنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی قیادت نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے فراخدلانہ امداد پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر بھی دستخط کئے گئے۔ کراچی سرکلر ریلوے ،ایم ایل ون ، گوادر بندرگاہ ،سی پیک سے جڑے منصوبوں کو مزید تیز کرنے اور نئے اقتصادی ترقی کیلئے نئے منصوبے شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔