Friday, April 19, 2024

وزیراعظم شہباز شریف کا خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، امدادی کاموں کا جائزہ لیا

وزیراعظم شہباز شریف کا خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، امدادی کاموں کا جائزہ لیا
August 4, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ٹانگ کے علاقے پائی میں نقصانات اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ ضلع ٹانک پہنچے جہاں انہیں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور بحالی کے کاموں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمٰن اور ن لیگ کے رہنما امیر مقام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام جلدازجلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کے پی حکومت امدادی رقم بڑھا کر 10 لاکھ کرے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پرموجود مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ٹانک میں ڈیم بنا کر سیلاب کے پانی کو محفوظ کیا جا سکتا ہے جس سے پینے کے پانی کی دستیابی کے علاوہ بارہ لاکھ ایکڑ اراضی بھی قابل کاشت بنائی جا سکے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب سے متاثرہ اپنے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔