Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم شہبازشریف کا بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، امدادی کاموں کا جائزہ

وزیراعظم شہبازشریف کا بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، امدادی کاموں کا جائزہ
August 1, 2022 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) – وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ اور چمن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ میر قدوس بزنجو اور دیگر حکام بھی ساتھ موجود تھے۔

سوموار کو میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھرپور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، تمام متعلقہ ادارے امدادی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔ امدادی کیمپس میں کھانوں کی فراہمی کا نہ ہونا افسوسناک ہے، ریلیف کی سرگرمیوں میں وفاق صوبوں سے پوری طرح تعاون کرے گا، جزوی یا مکمل تباہ شدہ مکانوں کا معاوضہ جلد دیا جائے گا۔

 وزیراعظم نے امدادی کیمپوں میں کھانے کی عدم فراہمی پر نوٹس لیا، وزیراعلیٰ نے غفلت برتنے والے افسران کو معطل کردیا۔ قلعہ سیف اللہ میں وزیراعظم سیلاب متاثرہ بچے سے متاثر ہوئے، کوئٹہ میں بہترین تعلیم دلوانے کا حکم دے دیا۔

چمن میں سیلاب متاثرین اور عمائدین سے وزیراعظم نے خطاب میں کہا وفاق اور صوبے دن رات مل کر متاثرین کی بحالی کیلئے کام کررہے ہیں، کوئی کوتائی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ پہنچے، وزیراعلیٰ میر قدوس بزنجو نے وزیراعظم اور وزراء کا استقبال کیا۔

وزیراعلیٰ میر قدوس بزنجو اور دیگر حکام کی سیلاب کی صورتحال پر بریفنگ دی، بتایا کہ رواں مون سون میں 500 فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں، بارشوں کا تیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا قیمتی جانی نقصان اور انفرااسٹرکچر کی تباہی پر افسوس ہے، جب تک تمام متاثرین آباد نہیں ہوتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف چمن میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جا کر متاثرین سے بھی ملیں گے۔