Friday, April 26, 2024

وزیراعظم شہباز شریف دورہ برطانیہ مکمل کرکے امریکا پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف دورہ برطانیہ مکمل کرکے امریکا پہنچ گئے
September 20, 2022 ویب ڈیسک

نیویارک (92 نیوز) - وزیراعظم محمد شہباز شریف دورہ برطانیہ مکمل کرکے امریکا پہنچ گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے لندن سے نیویارک پہنچے۔ شہباز شریف نیویارک میں جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت اور اہم ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم آج اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے استقبالیہ میں شریک ہوں گے اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ شہباز شریف آسٹریا کی چانسلر اور سپین کے صدر سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وہ یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے ملاقات اور گلوبل فوڈ سیکیورٹی سمٹ میں بھی شرکت کریں گے۔

کل امریکی صدر جو بائیڈن کے عشایئے میں شریک ہوں گے، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اور صدر ورلڈ بینک ڈیوڈ ملز سے ملاقات کریں گے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان کے علاوہ شہباز شریف ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے بھی دوطرفہ ملاقات کریں گے۔ وہ بدھ کو ترک صدر اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کریں گے۔

وزیراعظم کی دیگر مصروفیات میں ملائیشیا کے وزیراعظم ایمیل صابری یعقوب، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر، مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس اور نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی سے ملاقاتیں شامل ہیں۔

شہباز شریف چین، جاپان اور لکسمبرگ کے وزرائے اعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

امریکا میں اپنے قیام کے دوران شہباز شریف مختلف معروف امریکی میڈیا پرسنز کو انٹرویوز دیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف تئیس ستمبرکو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔