سکھر/ اوستہ محمد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف اور یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سندھ اور بلوچستان کا دورہ کیا، سیلاب سے نقصانات اور بحالی کے کاموں پر بریفنگ دی گئی۔
سکھر میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو سیلاب سے نقصانات اور بحالی کے کاموں پر بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا رواں سال غیرمعمولی بارشوں سے شدید نقصان ہوا، متاثرین کو ہنگامی بنیادوں پر ادویات، خیمے اور مچھردانیاں کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور انتونیو گوتریس کے ساتھ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت کابینہ ارکان اور اقوام متحدہ کا وفد بھی ہمراہ ہے۔ وفد نے دونوں صوبوں میں پانی سے تباہی کا فضائی جائزہ لیا۔
یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے صورتحال سوچ سے بھی زیادہ قرار دی اور عالمی برادری سے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا عالمی برادری کو اس مشکل میں پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا، مالی مدد کے علاوہ قرضوں کی شکل میں بھی مدد فراہم کی جائے۔
یواین سیکرٹری جنرل نے اوستہ محمد میں متاثرین کے کیمپ کا دورہ کیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ فوری امداد اور سامان نہ ملنے پر وبائی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔