Friday, April 26, 2024

وزیراعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے
September 18, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف 19 سے 23 ستمبر کے دوران اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو، کابینہ ارکان اور اعلیٰ حکام وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں وہ پاکستان میں حالیہ سیلاب اور موسمیاتی تبدیلیوں پر بات کریں گے۔ اہم امور اور مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف سے اقوام متحدہ کو آگاہ کیا جائے گا۔

شیڈول کے مطابق شہباز شریف گلوبل فوڈ سکیورٹی سمٹ میں بھی شرکت کریں گے، مختلف ممالک کے اپنے ہم منصبوں، جنرل اسمبلی کے صدر، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے علاوہ بین الاقوامی تنظیموں، آئی ایف آئیز اور مخیر تنظیموں کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور ریاستہائے متحدہ کے صدر کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ کے دوران رہنماؤں کو بات چیت کرنے کا بھی موقع ملے گا۔ وزیراعظم بین الاقوامی میڈیا سے بھی بات چیت کریں گے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری مختلف اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور تقریبات میں شرکت، اپنے متعدد ہم منصبوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتوں، میڈیا اور تھنک ٹینک کے ساتھ بات چیت کے علاوہ مختلف اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔