Friday, May 17, 2024

وزیراعظم سے درخواست ہے اپنے مشیروں سے محتاط رہیں، چودھری پرویز الہٰی

وزیراعظم سے درخواست ہے اپنے مشیروں سے محتاط رہیں، چودھری پرویز الہٰی
March 6, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہٰی کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان سے درخواست ہے اپنے مشیروں سے محتاط رہیں۔

چودھری پرویز الہی نے کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر غلط بیانی سے حکومت اور میڈیا کے درمیان خلیج حائل کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی طرف سے اپنے ممبران کو مخصوص چینلز میں نہ جانے دینے پر تشویش ہے۔ اس سے تحریک انصاف اپنا نقطہ نظر متوازن طریقے سے عوام کے سامنے نہیں رکھ پائے گی۔ آزادی اظہار رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ وزیر اعظم اور پارٹی قیادت سے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کرتے ہیں۔

چودھری پرویز الہٰی کی جانب سے چند اخبار اور میڈیا ہاوسز کے اشتہارات بند کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اشتہارات پر پابندی بظاہر پیکا آرڈیننس کے تناظر میں لگائی گئی ہے۔ سرکاری اشتہارات عوام کے پیسے ہیں جن کو مخصوص اخبارات اور چینل کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔ حیرانگی ہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے میڈیا ہاوسز کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟