Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم عمران خان سے چینی اور سعودی وزرائے خارجہ کی ملاقاتیں، اہم اُمور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان سے چینی اور سعودی وزرائے خارجہ کی ملاقاتیں، اہم اُمور پر تبادلہ خیال
March 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم عمران خان سے چینی اور سعودی وزرائے خارجہ کی ملاقاتیں ہوئیں، دونوں ملاقاتوں میں اہم اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان سے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژو نے ملاقات کی، دو طرفہ اُمور اور خطہ کی صورتحال پر بات چیت کی۔

وزیراعظم نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا پاکستان میں پرتپاک خیرمقدم کیا، وزیراعظم نے گزشتہ روز چائنہ ایسٹرن فلائٹ کے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم اور چینی وزیر خارجہ وانگ نے پاک چین دوطرفہ تعلقات کی موجودہ رفتار اور بدلتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں سی پیک سمیت پاک چین تعلقات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ چین اور چینی قیادت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کو یاد کیا، عمران خان نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا جاری دوسرا مرحلہ صنعتی ترقی، زراعت اور آئی ٹی جیسے شعبوں میں بڑھے ہوئے تعاون کے ساتھ اقتصادی ترقی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تقویت دے گا۔

وزیراعظم نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں پرکشش مواقع سے فائدہ اُٹھانے کا بھی خیر مقدم کیا۔

دونوں فریقوں نے یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پائیدار مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کی ضرورت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے بھارت کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اس کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے متعلق آگاہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارتی رویہ علاقائی امن و سلامتی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

وزیراعظم نے بھارت کی طرف سے پاکستان کی حدود میں میزائل کے نام نہاد "حادثاتی" فائر کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے مشترکہ تحقیقات کے مطالبے پر زور دیا گیا۔ اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا کہ ایسا دوبارہ نہ ہو۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کو افغانستان میں امن اور استحکام کو فروغ دینے اور وہاں انسانی بحران کو روکنے کے لیے گہرے تعلقات کو جاری رکھنا چاہیے۔

اس قبل چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقات ہوئی۔ وانگ ژی آرمی چیف سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اُمور، خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بھی زیر غور آئی۔

وزیراعظم عمران خان نے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے اوآئی سی ممالک کی اجتماعی کاوشوں پر زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان سے عراقی وزیر خارجہ بھی ملے۔