وزیراعظم عمران خان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی کپتانی کی تعریف

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی کپتانی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔
اپنے ٹویٹ میں لکھا بہترین فائٹ بیک پر بابراعظم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بد قسمتی سے یہ ٹیسٹ میچ نہیں دیکھ سکا کیونکہ خود بھی ایک میچ فکسنگ کا مقابلہ کر رہا ہوں۔ بابراعظم نے میچ میں ورلڈ کلاس بیٹنگ کی اور کپتان کی اننگز کھیلی۔
بدقسمتی سےمیں یہ میچ نہیں دیکھ سکاکیونکہ ایک دوسرے محاذ پر میچ فکسنگ کیخلاف برسرِ پیکار ہوں جہاں میرے کھلاڑیوں کو بہلانے پھسلانے کیلئے بے دریغ پیسہ بہایا جارہا ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 17, 2022
واضح رہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ڈرا ہو گیا تھا۔ کپتان بابر اعظم ، محمد رضوان اور عبداللہ شفیق کی شاندار کارکردگی نے ٹیسٹ بچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ بابر اعظم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ دوسرے ٹیسٹ کے آخری دن آسٹریلیا کو آٹھ وکٹیں درکار تھیں، پانچ حاصل کر سکا، بابر اعظم کے شاندار ایک سو چھیانوے رنز جبکہ محمد رضوان ایک سو چار رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ کنگ بابر 607 منٹ کریز پر ٹھہرے۔
قومی ٹیم کو پانچ سو چھ رنز کا ہدف ملا، سات وکٹوں پر چار سو تینتالیس رنز بنائے، عبداللہ شفیق نے بھی چھیانوے رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ فواد عالم اور ساجد خان نو،نو رنز بنا سکے جبکہ فہیم اشرف صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے آسٹریلیا کےخلاف شاندار کارکردگی کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دے دیا۔