Saturday, May 18, 2024

وزیراعظم عمران خان کے فروری میں دورہ چین کا امکان

وزیراعظم عمران خان کے فروری میں دورہ چین کا امکان
January 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کے فروری میں دورہ چین کا امکان ہے۔ پاک چین حکام دورے کی حتمی تواریخ کا تعین کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے اہم ترین دورہ چین کے لیے فروری کے پہلے ہفتے کی تاریخیں زیر غور ہیں تاہم حتمی نہیں۔ دونوں ممالک کے حکام حتمی تواریخ کا تعین کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد کا بھی دورہ بیجنگ متوقع ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم اپنے دورے کی صورت میں چینی صدرشی جن پنگ، وزیراعظم لی کی چیانگ، اعلیٰ شخصیات سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ پاکستان اور چین کے مابین اعلیٰ سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ وزیراعظم چین کے کاروباری طبقے، صنعتکاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔

وزیراعظم کے دورے میں سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری، بڑی چینی صنعتوں کی منتقلی، ریلوے ایم ایل ون منصوبہ جلد شروع کرنے اور اِس سلسلے میں سرمایہ کاری امور پر گفتگو کی جائے گی جبکہ دونوں ممالک کے مابین دفاع، سائنس و ٹیکنالوجی، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون بھی زیر غور آئے گا۔