Thursday, September 29, 2022

وزیراعظم کی آرمی چیف اور چئیرمین این ڈی ایم اے سے فون پر گفتگو، سندھ میں بحالی کی کارروائیوں پر بات چیت

وزیراعظم کی آرمی چیف اور چئیرمین این ڈی ایم اے سے فون پر گفتگو، سندھ میں بحالی کی کارروائیوں پر بات چیت
August 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کی آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز سے فون پر گفتگو ہوئی۔

اس دوران وزیراعظم اور آرمی چیف نے متاثرین سیلاب، بالخصوص سندھ میں امداد اور بحالی کی کارروائیوں پر بات چیت کی۔ آرمی چیف نے پاک فوج کی جانب سے صوبہ سندھ میں امدادی کارروائیوں میں بھرپور تعاون سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے سندھ میں سڑکوں اور پلوں کی تباہی کے باعث ہیلی کاپٹرز کی فراہمی کی ہدایت کر دی۔

ہیلی کاپٹرز کے استعمال سے صوبہ سندھ اور بلوچستان میں زمینی رابطہ کٹنے کی وجہ سے ریسکیو اور یلیف کی فراہمی میں آنے والی مشکلات کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کے لئے پاک فوج کے تعاون اور جذبے کو سراہا۔ انہوں نے سندھ میں سیلاب متاثرین کو نقد رقوم کی فوری ادائیگی کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ کو ہدایت بھی جاری کر دی۔

آرمی چیف نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ کمانڈر سدرن کمانڈ کو بلوچستان میں امدادی کارروائیوں کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

چئیرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو صوبہ سندھ میں بارشوں اور سیلاب کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے حکومت سندھ اور بلوچستان میں امدادی کارروائیوں میں بھرپور تعاون سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ چئیرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ریسکیو اور ریلیف سے متعلق اقدامات پر بریف کیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اوربحالی کی کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔