Thursday, May 2, 2024

وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے متحدہ اپوزیشن کی تیاری مکمل

وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے متحدہ اپوزیشن کی تیاری مکمل
March 5, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے متحدہ اپوزیشن نے تیاری مکمل کر لی۔

وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن متحرک ہو گئی، رابطوں کا سلسہ آج بھی جاری رہا۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور تحریک عدم اعتماد پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے عدم اعتماد سے متعلق اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ حکومت سے قوم کو جلد نجات دلانے پر اتفاق کیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کی ہدایت پر پیپلزپارٹی کے سنئیر رہنما خورشید شاہ اسلام آباد پہنچے۔ صحافیوں سے گفتگو میں تحریک عدم اعتماد کے وقت کا بتا دیا کہا، لانگ مارچ کے اختتام پر قومی اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن اور تحریک عدم اعتماد جمع ہو گی۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے اہم رہنما خورشید شاہ اور یوسف رضاگیلانی اتوار کو لاہور میں چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات میں عدم اعتماد سے متعلق ہوم ورک پر رپورٹ پیش کریں گے جبکہ دونوں رہنماوں کی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی ریکوزیشن میں ملکی معیشت، دہشتگردی، خراب خارجہ پالیسی، کمرتوڑ مہنگائی کو بنیاد بنایا جائے گا۔