Friday, May 3, 2024

وزیراعظم کا سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، سجاول میں ریلیف سرگرمیوں پر بریفنگ لی

وزیراعظم کا سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، سجاول میں ریلیف سرگرمیوں پر بریفنگ لی
August 27, 2022 ویب ڈیسک

سجاول (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، وزیراعظم نے سجاول میں سیلابی صورتحال کا فضائی جائزہ لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سجاول میں سیلاب، ریلیف سرگرمیوں پر بریفنگ لی اور علاقے کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ وزیراعظم نے سجاول میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور مسائل پوچھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 38 ارب روپے کی رقم وفاق اپنے خزانے سے خرچ کرے گا، سندھ کو سیلاب متاثرین کیلئے 15 ارب روپے دیئے ہیں۔ بولے متاثرین کو 25 ہزار کی فوری ادائیگی کی جا رہی ہے۔ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بھی متاثرین کی مدد کی جائے گی۔ سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے پاس تمام ریکارڈ موجود ہے، اگر ہم نے اس وقت بھی سیاست کی تو اللہ تعالیٰ ہمیں معاف نہیں کریں گے، افواج پاکستان اور تمام انتظامیہ امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی نظام میں بہتری تک خرم دستگیر کو سندھ میں ہی قیام کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کے پی سے آنے والے بڑے سیلابی ریلے پر اظہارتشویش کیا، کہتے ہیں سوات سے نکلنے والے ریلے سے بچنے کیلئے الرٹ رہنا ہوگا، انتظامیہ ہنگامی اقدامات کرے۔