Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کا روسی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعاون وعلاقائی اُمور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم کا روسی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعاون وعلاقائی اُمور پر تبادلہ خیال
January 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون، باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے توہین رسالت کے خلاف روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے بیان کو سراہا۔ اعلامیہ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں اسلاموفوبیا میں خوفناک اضافے اور اس سے منسلک نفرت کو باقاعدگی سے اجاگر کیا۔

 وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے روس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ تجارتی و اقتصادی تعلقات اور توانائی کے تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق پاک روس قیادت نے پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کا دوطرفہ تعاون، اعلیٰ سطح کے تبادلے بڑھانے اور افغانستان سے متعلق معاملات پر قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا پُرامن اور مستحکم افغانستان علاقائی استحکام کے لیے اہم ہے۔ افغانستان کو سنگین انسانی اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، اس نازک موڑ پر افغانستان کے عوام کے لیے بین الاقوامی برادری کی حمایت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

وزیراعظم نے افغان عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے افغانستان کے مالیاتی اثاثوں کے اجراء کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو پاکستان اور روس کے دورے کی دعوت دی۔