Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم کا موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ چارٹر بنانیکا مطالبہ

وزیراعظم کا موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ چارٹر بنانیکا مطالبہ
November 8, 2022 ویب ڈیسک

شرم الشیخ (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ چارٹر بنانے کا مطالبہ کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شرم الشیخ میں کلائمٹ امپلی منٹیشن سمٹ میں شرکت کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان میں 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، سیلاب متاثرین کیلئے چھت اور خوراک کی ضرورت پوری کرنے کیلئے امداد کے منتظر ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنا ترقی پذیر ممالک کے بس میں نہیں، انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ چارٹر بنانے کا مطالبہ کردیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وہ سیلاب سے ہونے والی تباہی اپنی آنکھوں سے دیکھ کر آئے ہیں، تباہی کے مناظر ناقابل فراموش ہیں۔

یو این سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بڑے پیمانے پر امداد کی ضرورت ہے، عالمی برادری کی ذمہ داری ہے وہ پاکستان کی بھرپور مدد کرے، انہوں نے عالمی مالیاتی اداروں سے پاکستان کو قرضوں میں چھوٹ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کانفرنس کی سائیڈ لائن پر کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقات کی اور سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ان کے جذبے کو سراہا۔