Friday, March 29, 2024

وزیراعظم ہاؤس کا اہم ڈیٹا ہیک ہونے پر وزارت داخلہ نے تحقیقات شروع کر دی

وزیراعظم ہاؤس کا اہم ڈیٹا ہیک ہونے پر وزارت داخلہ نے تحقیقات شروع کر دی
September 26, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم ہاؤس کا اہم ڈیٹا ہیک ہونے پر وزارت داخلہ نے تحقیقات شروع کر دی۔

وفاقی گورنمنٹ نے تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے جس میں حساس اداروں کا نمائندہ بھی شامل ہوگا۔ جے آئی ٹی وزیراعظم ہاؤس اور سیکرٹریٹ میں گزشتہ چھ ماہ سے تعینات اہلکاروں سے بھی تحقیقات کرے گی۔

جے آئی ٹیم کو اختیار ہو گا کہ وہ وزیراعظم ہاؤس کے عملے کو بھی شامل تفتیش کرے۔ وزیراعظم ہاؤس میں ڈیوائسز لگائی گئیں یا موبائل سے ریکارڈنگ ہوئی اس پر بھی تحقیقات ہوں گی ۔تحقیقاتی ٹیم جائزہ لے گی کہ واقعہ کے وقت کون کون افسر وزیراعظم ہاؤس میں موجود تھا کیوں کہ وزیراعظم ہاؤس میں موبائل لے جانے کی اجازت نہیں تھی۔

دوسری طرف آڈیو لیک معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو طلب کرلیا ہے۔ آرمی چیف اور خفیہ ایجنسیوں کے سربراہ شریک ہوں گے۔

وفاقی وزرا سمیت کمیٹی ممبران بھی اجلاس میں شرکت کریں گے، آڈیو لیک پر اب تک کی تحقیقات سے آگاہ کیا جائے گا۔

ادھر وزیر اعظم ہاؤس اور پی ایم آفس میں مامور سکیورٹی اہلکاروں کی نقل و حرکت بھی محدود کر دی گئی ہے۔