Wednesday, April 24, 2024

وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کا ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال

وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کا ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال
August 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہبازشریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے پاک سعودی برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کو پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر مبارکباد دی، دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبول کرلی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی شاہ سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سعودی ولی عہد نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان سعودی عرب کے درمیان برسوں پر محیط مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 بات چیت میں وزیراعظم کے اپریل 2022  کے دورے کے دوران لئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری، توانائی اور تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے سعودی عرب کی پاکستان کے مشکل وقت میں مدد کا ذکر کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے حالیہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔