Sunday, September 8, 2024

وزیراعظم آفس کی سوشل میڈیا پر من گھڑت پوسٹوں کی سختی سے تردید

وزیراعظم آفس کی سوشل میڈیا پر من گھڑت پوسٹوں کی سختی سے تردید
March 16, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سوشل میڈیا پر بے بنیاد اور من گھڑت پوسٹس کے بعد وزیراعظم آفس کی طرف سے سخت الفاظ میں تردید آگئی۔ اعلامیے کے مطابق قوم کا اہم اثاثہ ایٹمی پروگرام مکمل محفوظ ہے، اس حوالے سے نہ تو کوئی دباؤ ہے نہ کبھی دباؤ قبول کیا جائے گا۔

پاکستان کی سلامتی کیلئے سکیورٹی پروگرامز مکمل محفوظ ہیں، قومی سلامتی کے اثاثوں کی حفاظت ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیراعظم آفس نے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کی جانے والی پوسٹس کو بےبنیاد قرار دے دیا۔

وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سوشل میڈیا پر پر ایٹمی پروگرام سے متعلق افواہیں بے بنیاد اور قومی مفاد کے منافی ہیں۔ایٹمی اور میزائل پروگرام قومی اثاثہ ہیں جس کی پوری شدت سے حفاظت کی جا رہی ہے، وزیراعظم آفس کے مطابق ایٹمی اور میزائل پروگرام مکمل محفوظ اور فول پروف ہونے کے ساتھ ساتھ کبھی کمپرومائزڈ نہیں ہوں گے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایٹمی پروگرام پر نہ تو کوئی دباؤ ہے اور نہ ہی کوئی دباؤ کبھی بھی قبول کیا جائے گا۔ ایٹمی پروگرام جن مقاصد کیلئے بنایا گیا تھا وہ پورے ہو رہے ہیں۔