Saturday, April 20, 2024

وزیراعلی سندھ کا ٹھٹھہ کا دورہ، پیر پٹھو میں سیلاب متاثرین سے ملاقات

وزیراعلی سندھ کا ٹھٹھہ کا دورہ، پیر پٹھو میں سیلاب متاثرین سے ملاقات
September 15, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ٹھٹھہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پیر پٹھو میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور مسائل سنے۔

سیلاب متاثرین کی تکالیف اور ان کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعلی سندھ خود نکل پڑے۔ ٹھٹھہ کے علاقے پیرپٹھو میں  سیلاب متاثرین کے کیمپ کا دورہ کیا ، متاثرین سے ملے اور مسائل دریافت کیے۔ وزیراعلی نے متاثرین کے موبائل نمبر بھی لیے، کہا شام کو آپ کو فون کر کے پوچھوں گا کیا سامان ملا۔ انتظامیہ کو پتا ہونا چاہئے کہ میں سیلاب متاثرین سے براہ راست رابطے میں ہوں۔

وزیراعلی مرادعلی شاہ نے گیل موری بیسک یونٹ کا بھی دورہ کیا اور اسٹاف کی حاضری چیک کی۔ دریا کے بند کے قریب قائم ریلیف  کیمپ میں متاثرین کے مسائل حل  نہ ہونے پر ضلعی انتظامیہ کی سخت سرزنش کی۔ فوری طور پر موبائل ڈسپنسری بھیج کر تمام متاثرین کا چیک اپ اور ادویات فراہم کرانے کی ہدایت کی۔

 وزیراعلی سندھ متاثرین میں گھل مل گئے۔ بخار میں مبتلا ایک متاثرہ شخص نے انجکشن لگوانے پر اصرار کیا تو وزیراعلی نے خوشگوار لہجہ اختیار کیا، کہا ڈاکٹر کو فیصلہ کرنے دیں خود ڈاکٹر نہ بنیں۔ مسجد کے سولر پینل سے موبائل چارج کرنے والے سے بولے پہلے نماز پڑھو پھر موبائل چارج کیا کرو۔