Monday, May 6, 2024

وزیراعلیٰ سندھ کا نئے سال کے پہلے روز شہر قائد کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ

وزیراعلیٰ سندھ کا نئے سال کے پہلے روز شہر قائد کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ
January 1, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - وزیراعلیٰ سندھ مُرادعلی شاہ نئے سال کے پہلے روز شہر کے دورے پر نکل پڑے، محمودآباد میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، لوگوں سے گھل مل گئے، بچوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی، وزیراعلیٰ نے ملیر ایکسپریس وے کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا۔

نئے سال کا پہلادن، وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ متحرک، وزیراعلیٰ صبح سویرے شہر کے دورے پر نکل پڑے۔ سب سے پہلے محمود آباد پہنچے، ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزراشرجیل میمن،ناصر شاہ،مشیر قانون مرتضی وہاب اور ایدمنسٹریٹر کراچی سیف الرحمن بھی ہمراہ موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ایس ایس پی کورنگی اور ایس ایس پی کو پروٹوکول سے منع کردیا۔ کہا آپ لوگ جائیں، شہر کا خیال رکھیں، میرے پروٹوکول کی فکر نہ کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محمود آباد میں سڑک پر بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی، مرتضیٰ وہاب نے بولنگ کرائی۔ وزیراعلیٰ نے چوکے چھکے لگا دیئے۔ مرتضیٰ وہاب کی خراب بولنگ پر انہیں تبدیل کردیا۔ ازراہ مذاق بولے صحیح بولنگ کراؤ، اچھا بولر لاؤ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ملیر ایکسپریس وے کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ایکسپریس وے کے راستے میں قائم باڑے ختم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ مُرادعلی شاہ کو ای بی ایم انٹرچینج اور شاہ فیصل انٹر چینج کے کام پر بریفنگ دی گئی۔