لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے لاہور میں جرائم پیشہ عناصر کو ہر صورت لگام ڈالنے کا حکم دے دیا۔ کہا عوام کو پُرامن ماحول فراہم کرنے کے لئے پولیس فورس کی ضروریات پوری اور مسائل حل کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں جرائم کو ہر صورت کنٹرول کرنے کا حکم دیتے ہوئے 15 دن میں رپورٹ مانگ لی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں لاہور میں 8 نئے تھانے بنانے کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، سی سی پی او نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں فرانزک لیب کی توسیع اور دائرہ کار بڑھانے اور ڈولفن پولیس کے افعال کار ازسرنو طے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے عمران خان پر حملہ آور ملزم کو پکڑنے والے پی ٹی آئی کارکن ابتسام کو 25 لاکھ روپے کا چیک دیا، چودھری پرویز الہٰی نے ابتسام حسن کی بہادری اور جرأت کی تعریف کی اور کہا کہ ابتسام حسن پوری قوم کا ہیرو ہے، اس نے جان پر کھیل کر ملزم کو پکڑا۔
اس سے قبل وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی اپ گریڈیشن کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اہم ہدایت جاری کی گئیں، چودھری پرویز الہٰی نے بیرون ملک سے ماہر ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنے کا حکم دیا، انہوں نے انسٹی ٹیوٹ میں امراض قلب میں مبتلا بچوں کے علاج کیلئے خصوصی شعبہ قائم کرنے کا بھی حکم دیا۔