Friday, April 26, 2024

وزیراعلی پنجاب سے یو ایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر کی ملاقات، صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

وزیراعلی پنجاب سے یو ایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر کی ملاقات، صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
November 22, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی سے یو ایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر کی ملاقات ہوئی جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، واٹر مینجمنٹ، انرجی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لاہور کے جیلانی پارک میں ونٹر فیسٹیول شروع ہو گیا جس میں پنجاب کے روایتی کھانوں کے علاوہ ثقافتی اشیا بھی رکھی گئی ہیں۔ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے ونٹر فیسٹول کا دورہ کیا اور وہاں روایتی پنجابی فوڈ کورٹ میں مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے دستکاریوں کے اسٹالز پر رکھی اشیا میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس سے پہلے  یوایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر ریڈ  ایسچیلمن  نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی جس میں پنجاب اور یو ایس ایڈ کے درمیان ڈویلپمنٹ پارٹنر شپ بڑھانے پراتفاق کیا گیا۔ یوایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر ریڈ نے  کلین انرجی اور اسمال ڈیمز کی تعمیر کیلئے تعاون کی یقین دہانی  کرائی۔

ملاقات میں  انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، واٹر مینجمنٹ، انرجی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یوایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر کی جانب سے پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کے معاہدے کے حوالے سے پیشرفت کا خیرمقدم کیا گیا۔

چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ  معیشت کی بہتری، کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے یو ایس ایڈ کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھائیں گے جبکہ یو ایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر نے پنجاب حکومت کی جانب سے اسپورٹ پر وزیراعلی کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری طرف چودھری پرویزالہٰی کی زیرصدارت  اجلاس ہوا جس میں اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ کالجوں کو مالی خودمختاری کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔