Wednesday, April 24, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب نے کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کے فیصلے کی منظوری دیدی

وزیراعلیٰ پنجاب نے کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کے فیصلے کی منظوری دیدی
December 2, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے پنجاب میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کے فیصلے کی منظوری دے دی۔ چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کچی آبادیوں میں مقیم اصل حقداروں کو ان کا حق لوٹائیں گے۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے مالکانہ حقوق دینے کے لئے بورڈ آف ریونیو سے حتمی سفارشات طلب کرلیں۔ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے پنجاب کی کچی آبادیوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

چودھری پرویز الٰہی سے میڈیکل آلات بنانے والی سب سے بڑی چینی میڈسن کمپنی منڈرے (Mindray) کے وفد نے ملاقات کی۔ کمپنی کی جانب سے پنجاب میں مینوفیکچرنگ کی پیشکش کی گئی، صوبے کے ڈاکٹروں اور نرسز کو ٹریننگ بھی دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو چین کا دورہ کرنے کی دعوت مل گئی، پنجاب میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سے سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری نے ملاقات کی۔ اس موقع پروزیراعلیٰ کا کہنا تھا معاشرتی برائیوں کا خاتمہ صرف اور صرف دینی تعلیمات پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے ۔ نکاح نامے میں ختم نبوتؐ کے حلف نامے کی شق شامل کرنا بہت بڑی دینی خدمت ہے۔