Friday, April 26, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا
August 17, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی زیرصدارت رات گئے اجلاس ہوا جس میں ڈی جی خان اور راجن پور سمیت سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

چودھری پرویز الہی سے تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے ملاقات کی اور ڈی جی خان  میں سیلابی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ زرتاج گل نے متاثرہ علاقوں میں بروقت امدادی سرگرمیوں پر پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا۔

چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ متاثرہ خاندانوں کی بحالی ترجیح ہے۔ سیلاب متاثرین کی جلد بحالی کیلئے پلان مرتب کر لیا۔ سیلاب اور بارشوں میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین کو مالی امداد کا پیکج دیا ہے۔

رات گئے وزیراعلی آفس میں بھی چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت اہم  اجلاس ہوا جس میں سیلابی علاقوں میں جاری ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب نے متاثرین سیلاب کے نقصانات کے ازالے کیلئے فوری سروے کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو فوری مالی امداد دی جائے۔

چودھری پرویز الہی نے کوہ سلیمان میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی پنجاب نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور سیکرٹری آبپاشی کو آج ہی ڈیرہ غازی خان کے متاثرہ علاقوں میں جا کر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی ہدایت کی۔

چودھری پرویز الہی نے بھارت کی جانب سے چھوڑے جانیوالے پانی کی بروقت اطلاع کے حوالے سے جدید ریڈار سسٹم کی تنصیب جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔