Friday, March 29, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا یہ آئینی تقاضا ہے، گورنر بلیغ الرحمٰن

وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا یہ آئینی تقاضا ہے، گورنر بلیغ الرحمٰن
January 6, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا یہ ایک آئینی تقاضا ہے۔ ڈیفالٹ کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے والوں کو ندامت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے سابق صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کی وفود کے ہمراہ ملاقاتیں کیں۔ سابق وزراء رانا مشہود احمد خان، خواجہ عمران نذیر، ایم این اے نواب شیر وسیر، ایم این اے ملک محمد ریاض، حنا پرویز بٹ، سمیرا کومل اور فیصل حیات جبوانہ نے ملاقات کی۔

گورنرپنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ ڈیفالٹ کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے والوں کو ندامت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اتحادی حکومت کی پالیسیوں کے باعث ملک میں معاشی استحکام آنا شروع ہو گیا ہے۔ ملک کو معاشی طور مستحکم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو آئین و قانون کے مطابق اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا ہے۔ دوست ممالک معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے اپنے بھرپور تعاون اور مدد کا عندیہ دے چکے ہیں۔