Thursday, April 25, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کا مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب کا مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم
October 7, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دے دیا۔

انہوں نے ڈی سی دفاتر میں روزانہ کی بنیاد پر پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد کی ہدایت کی ہے۔ کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو لندن سے ہدایات دیتے ہوئے چودھری پرویزالہی نے کہا کہ مہنگائی عام آدمی کا مسئلہ ہے۔ پرائس کنٹرول کے موثر نظام کے ذریعے غریب آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ صوبے کے عوام کو کسی صورت مہنگائی مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ سیاسی و انتظامی ٹیم صوبے کے عوام کو مصنوعی مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے متحرک کردار ادا کرے۔ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کو پرائس کنٹرول کے موثر اقدامات سے جانچا جائے گا۔

چودھری پرویز الہی نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے تساہل کی کوئی گنجائش نہیں۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے پرائس کنٹرول کے اقدامات میں کوتاہی کرنے والوں کو جوابدہ ہونا ہو گا۔