Monday, May 6, 2024

وزیراعلی چودھری پرویزالہٰی نے پنجاب اسمبلی توڑ دی، اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر پنجاب کو ارسال

وزیراعلی چودھری  پرویزالہٰی نے پنجاب اسمبلی توڑ دی، اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر پنجاب کو ارسال
January 12, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلی چودھری پرویزالہٰی نے پنجاب اسمبلی توڑ دی۔

پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو ارسال کر دی گئی ہے۔ گورنر پنجاب نے سمری پر دو دن میں دستخط نہ کیے تو آئین کے تحت اسمبلی خود بخود ٹوٹ جائے گی۔

پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا اعلان وزیراعلی کی چیئرمین پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد کیا گیا، چودھری پرویز الہی نے زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات کی، چیئرمین پی ٹی آئی نے قاف لیگ سے قبل اپنی پارٹی کے رہنماؤں سے بھی مشاورت کی۔

پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں نے اسمبلی نہ توڑنے کا مشورہ دیا، عمران خان نے پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں اسمبلیوں کی تحلیل میں تاخیر کی مخالفت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی کے ارکان اسمبلی کو الیکشن کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے۔ کہتے ہیں بحرانوں کا حل ایک مضبوط حکومت ہے جو عوامی مینڈیٹ سے آئے۔

عمران خان نے مزید کہا ان کی ٹیم نے امپورٹڈ ٹولے کو تاریخی سرپرائز دیا، ارکان اسمبلی نے کروڑوں کی آفرز اور دھمکیوں کو بالائے طاق رکھ کر ووٹ ڈالا وہ قابل تحسین ہے، پھر کہتے ہیں ریڈ لائن صرف اللہ تعالی اور عوام ہی لگاتے اور ہٹاتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کہتے ہیں وزیراعلی پرویز الہی نگراں سیٹ اپ کیلئے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو اڑتالیس گھنٹے میں خط لکھیں گے، پرویز الہی، مونس الہی اور قاف لیگ کے ارکان شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی دو اسمبلیاں توڑ کر الیکشن میں جائے گی، اب پاکستان کو عام انتخابات کی طرف بڑھنا چاہیے۔

دوسری طرف تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا اسمبلی ہفتے کو تحلیل کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔