Saturday, April 27, 2024

وزیراعلیٰ اور اسمبلی کا مستقبل کیا ہوگا؟ سب کی نظریں گورنرہاؤس پر مرکوز

وزیراعلیٰ اور اسمبلی کا مستقبل کیا ہوگا؟ سب کی نظریں گورنرہاؤس پر مرکوز
December 22, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پنجاب میں وزیراعلیٰ اور اسمبلی کا مستقبل کیا ہوگا؟ سب نظریں گورنر ہاؤس پر لگ گئیں۔ مسلم لیگ ن نے بھی اپنی حکمت عملی فائنل کرلی۔ 

پنجاب میں سیاسی بحران برقرار ہے، سب نظریں گورنرہاؤس پر مرکوز ہیں، مسلم لیگ ن کا اہم مشاورتی اجلاس گورنر ہاؤس میں جاری ہے جس میں تازہ ترین سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جارہی ہے، سابق صدر آصف زرداری اور میاں شہباز شریف میں ٹیلی فونگ رابطہ ہوا ہے، ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پنجاب کی صورتحال پر مشاورت کی اور عمران خان کو ٹف ٹائم دینے پر اتفاق کیا، پنجاب اسمبلی بچانے کے لیے ہر آئینی اقدام پر اتفاق کیا گیا۔

دوسری جانب تحریک انصاف گورنر کے اقدامات کے خلاف آج گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کرے گی، عمران خان خطاب کریں گے۔ عمران خان آج زمان پارک میں پارٹی ارکان اورسینئر قیادت سے مشاورت بھی کریں گے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے صدر کو گورنر پنجاب کے خلاف خط لکھنے کے معاملے پرمشاورت مکمل کرلی۔

اسپیکرہاؤس کے ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہنے کی کوئی آئینی حیثیت نہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے گھرکی جاسوسی کے خدشات پر جاسوسی آلات کا پتہ لگانے کے لیے اسپیشل برانچ کے اہلکار زمان پارک پہنچے۔

پی ٹی آئی کے گورنرہاؤس کے باہراحتجاج کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ گورنرہاؤس کے گیٹ پر تین سٹیجز کی سکیورٹی تعینات کی گئی ہے۔ احتجاج کے پیش نظرایف سی کی چھ گاڑیوں میں سوار اہلکار گورنر ہاؤس پہنچے۔