شرم الشیخ (92 نیوز) - وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی شرم الشیخ میں برطانوی اور فرانسیسی ہم منصبوں سے ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور فرانس کی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا کے درمیان ملاقات ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری اور فرانس کی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا کے درمیان ملاقات کے موقع پر وزیرمملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے فرانس کی جانب سے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد پر وزیر خارجہ کیتھرین کولونا کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرا خارجہ نے موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ساتھ مل کر چلنے پر اتفاق کیا۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کے موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلے کے لئے اقدامات کو بھی سراہا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو فرانسیسی وزیرخارجہ کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلے کے لئے پاکستان کی عالمی برادری کی امداد کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔
ادھر برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیوری فرانسی سے ملاقات میں بھی بلاول بھٹو نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد پر اظہار تشکر کیا۔