Friday, April 19, 2024

وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں بری

وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں بری
October 13, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں بری ہو گئے۔

منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست منظور کر لی گئی۔ اسپیشل جج سینٹرل اعجاز حسن اعوان نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی اے کے کیس میں شواہد ناکافی ہیں، مقدمہ چلانا وقت کا ضیاع ہو گا۔

ملزموں پر 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام عائد کیا تھا۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر فاروق باجوہ کی جانب سے بریت کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔ ایف آئی اے کے پراسکیوٹر نے کہا کہ حمزہ شہباز پر 25 ارب کی منی لانڈرنگ کا الزام عائد ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ کیس آگے چلے، ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے، ان کا ٹرائل مکمل کیا جائے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ایف آئی اے چالان میں ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام نظر آئی۔ درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے  شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بری کیا جاتا ہے۔عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 3 نومبر تک ملتوی کر دی۔

فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے جشن منایا۔ کارکنوں نے مٹھائی تقسیم کی اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔