Saturday, May 18, 2024

وزیر اعظم عمران خان کا کیچ میں شہید دس فوجی جوانوں کو خراج عقیدت

وزیر اعظم عمران خان کا کیچ میں شہید دس فوجی جوانوں کو خراج عقیدت
January 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کیچ میں شہید دس فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اپنے بیان میں کہا ہمیں دہشتگردوں سے محفوظ رکھنے کی خاطر ہمارے بہادر سپاہیوں نے جانیں قربان کیں۔ ہم پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

ادھر وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے بھی حملے کی شدید مذمت کی۔ شیخ رشید نے دہشت گردوں کے حملے سے سکیورٹی فورسز کی جوانوں کی شہادت کی اطلاع پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا سکیورٹی فورسز پر دہشت گردی کا واقعہ قابل مذمت اور انتہائی تکلیف دہ ہے۔ وطن کی حفاظت پر مامور اہلکاروں پر حملہ بدترین دہشت گردی ہے۔ دہشت گرد بزدلانہ کاروائیوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ بلوچستان کی ترقی اور ملکی سلامتی کا مشن جاری رہے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حملے میں شہید جوانوں کی وطن عزیز کیلئے قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ عثمان بزدار نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا وطن عزیز کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ وطن عزیز کے امن کیلئے اپنا آج قربان کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی ہے اور غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کر سکتے۔