Wednesday, May 8, 2024

وزیر اعظم عمران خان دو روزہ اہم دورے پر آج روس جائیں گے

وزیر اعظم عمران خان دو روزہ اہم دورے پر آج روس جائیں گے
February 23, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان دو روزہ اہم دورے پر آج روس جائیں گے۔ وزیراعظم وفد سمیت شام چھ بجے ماسکو پہنچیں گے۔

شاہ محمود قریشی، فواد چودھری، حماد اظہر، معید یوسف، اسد عمر اور دیگر اعلی حکام وفد میں شامل ہوں گے۔ معاون خصوصی شہباز گل پہلے ہی ماسکو پہنچ چکے ہیں۔

نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں کہا وزیراعظم کا دورہ تاریخی ثابت ہو گا۔ وزیراعظم کا دورہ روس انتہائی اہم ہے۔ ماضی میں روس کے ساتھ تعلقات اس سطح پر نہیں رہے۔ صورتحال بدل رہی ہے۔ دورے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

روسی صدر کی دعوت پر کسی بھی پاکستانی وزیراعظم کا یہ 23 سال بعد روس کا دورہ ہے۔ یہی وجہ ہے روس، یوکرائن کشیدگی کے باوجود ماہرین اس دورے کو اہم قرار دے رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اور روسی صدر کے مابین دوطرفہ ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے جن میں توانائی سمیت دوطرفہ تعاون کے امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے مابین سٹریم گیس پائپ لائن، ٹرانسپورٹ، ایوی ایشن، انفارمیشن سیکیورٹی، جامعات تعاون، کسٹم امور، اجناس کی تجارت، دفاع، ادویہ سازی، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں معاہدوں، باہمی تعاون میں وسعت کا امکان ہے۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دورے میں اسلامو فوبیا، افغان صورتحال سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور زیر بحث آئیں گے جبکہ دورے سے دوطرفہ کثیر الجہتی تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون میں وسعت کا باعث ہو گا۔