Sunday, May 5, 2024

وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل ایپکس کمیٹی کا اجلاس، ملکی امن و امان کی صورتحال پر غور

وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل ایپکس کمیٹی کا اجلاس، ملکی امن و امان کی صورتحال پر غور
February 24, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں عسکری و سول قیادت شریک ہوئی۔

نیشنل ایپکس کمیٹی اجلاس میں ملکی امن و امان کی صورتحال پر غور کیا، پشاور اور کراچی میں حالیہ دہشتگردی پر بریفنگ دی گئی۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کےبعد وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہم نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق اہم فیصلے کیے ہیں۔ ہماری فورسز نے دہشتگردوں کا بڑی دلیری سے مقابلہ کیا۔

اپیکس کمیٹی اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، سیاسی استحکام ہر لحاظ سے مقدم ہے۔ ایک سیاسی جماعت مدعو کرنے کے باوجود اجلاس میں شریک نہیں ہوئی۔ ان کی کوشش ہے سڑکوں پر معاملات طے کیے جائیں۔ بدقسمتی سے ہم اس کمرے میں بیٹھے ہیں اور ایک حصہ سڑکوں پر ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ اپنی انا اور پسند کو ایک طرف رکھ کر ملکی مفاد کیلئے سوچنا ہو گا۔ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط ماننے پر مجبور ہیں، اتحادیوں نے اپنی سیاست داؤ پر لگا کر مشکل فیصلے کیے۔

اپیکس کمیٹی اجلاس سے قبل وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے ملاقات کی، امن و امان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ آرمی چیف نے وزیر اعظم کو سرحدی صورتحال جب کہ ڈی جی آئی ایس آئی نے افغانستان کے دورے سے متعلق بریف کیا۔