Sunday, May 5, 2024

وزیر اعلی پنجاب نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے تین منصوبوں کا افتتاح کر دیا

وزیر اعلی پنجاب نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے تین منصوبوں کا افتتاح کر دیا
September 14, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے تین منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے قصور میں بننے والے انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف بلیو پاٹری ڈویلپمنٹ، ملتان کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں ٹیوٹا کے منصوبوں کے حوالے سے تقریب ہوئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پرچودھری پرویزالٰہی نے کہا 37 ٹیوٹا اداروں کو 62 کروڑ روپے مالیت کی 43 بسیں فراہم کی گئی ہیں۔ 12 بسیں جنوبی پنجاب کے ٹیوٹا اداروں کو دی گئی ہیں۔ ٹیوٹا اداروں کو بسوں کی فراہمی سے طلبہ کو آمد و رفت میں سہولت ملے گی۔ 2 کروڑ 44 لاکھ روپے سے بننے والے قصور انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی میں 380 طلبہ کو ٹریننگ دی جائے گی۔ قصور انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی میں جدید مشینری اور آلات کی مدد سے طلبہ کو ٹریننگ دی جائے گی۔ لیدر ٹیکنالوجی میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی پاکستان ہی نہیں، دنیا بھر میں مانگ ہے۔ کوالٹی لیدر پراڈکٹس بننے سے ایکسپورٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا انسٹی ٹیوٹ آف بلیو پاٹری ڈویلپمنٹ کے منصوبے پر 21 کروڑ روپے لاگت آئی۔ انسٹی ٹیوٹ آف بلیو پاٹری ڈویلپمنٹ میں 800 طلبہ کو سرامکس سے متعلق جدید ٹریننگ دی جائے گی۔ سرامکس سے متعلق مہارتیں فراہم کرنے کیلئے انسٹی ٹیوٹ میں جدید ترین مشینری، آلات اور انفراسٹرکچر مہیا کیا گیا ہے۔ ملتان اور قصور کے ٹیوٹا اداروں سے تربیت یافتہ طلبہ اپنی مہارت سے وطن عزیز کا نام روشن کریں گے۔

پرویز الٰہی بولے نوجوانوں کیلئے رسمی تعلیم کے ساتھ ہنر سیکھنا بے حد ضروری امر ہے۔ سکلڈ ورکر ہر انڈسٹری کی ضرورت بن چکا ہے۔ حکومت پنجاب نئی نسل کو اس کی طرف راغب کرنے کے لئے مختلف سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

 تقریب میں سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، چیئرپرسن ٹیوٹا مامون تارڑ، ایم پی ایز رانا شہباز، تیمور لالی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سیکرٹری صنعت، سینئر ڈی جی ٹیوٹا اختر عباس بھروانہ اور متعلقہ حکام کی شرکت ہوئی۔