Monday, May 6, 2024

وزارت خزانہ کی جولائی سے مارچ کی معاشی کارکردگی رپورٹ جاری

وزارت خزانہ کی جولائی سے مارچ کی معاشی کارکردگی رپورٹ جاری
April 27, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزارت خزانہ نے جولائی سے مارچ کی معاشی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔

وزارت خزانہ کی معاشی کارکردگی رپورٹ کے مطابق جولائی سے مارچ 2021-22ء تک 4383 ارب روپے کا ٹیکس جمع ہوا۔ نان ٹیکس آمدن 982 ارب روپے رہی جبکہ  گزشتہ مالی سال جولائی سے مارچ تک نان ٹیکس آمدن  1227 ارب روپے تھی۔

جولائی سے مارچ تک حکومتی اخراجات  8429 ارب روپے رہے۔  2118 ارب روپے سود اور قرض واپسی پر ادا کیے جبکہ گزشتہ مالی سال 9 ماہ میں قرض اور سود پر 2103 ارب روپے ادا کیے تھے۔ دفاعی اخراجات 881 ارب روپے رہے۔

جولائی سے مارچ کے دوران بجٹ خسارہ 3165 ارب روپے رہا جبکہ گزشتہ مالی سال جولائی سے مارچ بجٹ خسارہ  2064 ارب روپے تھا۔  نوماہ میں 395 ارب روپے پنشن کی مد میں  ادا  کیے گئے۔ گزشتہ مالی سال میں جولائی سے مارچ تک پنشن پر 329 ارب روپے خرچ  کیے گئے تھے۔ جولائی سے مارچ کے دوران سبسڈی کی مد میں 575 ارب روپے خرچ ہوئے جبکہ گزشتہ مالی سال 9 ماہ میں سبسڈی پر 204 ارب روپے خرچ کیےگئے تھے۔