Saturday, April 20, 2024

وزارت داخلہ کی الیکشن کمیشن سے ضمنی انتخابات 90 روز کیلئے ملتوی کرنے کی درخواست

وزارت داخلہ کی الیکشن کمیشن سے ضمنی انتخابات 90 روز کیلئے ملتوی کرنے کی درخواست
October 8, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن سے ضمنی انتخابات 90 روز کیلئے ملتوی کرنے کی درخواست کر دی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخابات سے متعلق خط تحریر کیا گیا ہے جس میں 16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات 90 روز کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج اور ایف سی وسیع پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔ وفاق اور صوبے اپنی زیادہ تر توانائیاں اور وسائل بحالی کے کاموں میں لگا رہے ہیں۔ مستند اطلاعات ہیں ایک سیاسی جماعت 12 سے 17 اکتوبر کے دوران اسلام آباد کا محاصرہ کرنا چاہتی ہے۔ محاصرہ کی یہ تاریخیں 16 اکتوبر کے ضمنی انتخابات سے مطابقت رکھتی ہیں۔

وزارت داخلہ نے خط میں کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے بھاری نفری درکار ہو گی۔ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ ایسی صورتحال میں آرمی، رینجرز اور ایف سی پر شدید دباو ہو گا، ان اداروں سے  اضافی کام لیا گیا تو الیکشن کی ساکھ پر سوال اٹھ سکتے ہیں۔