Saturday, May 11, 2024

ویمن ایشیاء کپ: پاکستان نے ملائیشیا کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دیدی

ویمن ایشیاء کپ: پاکستان نے ملائیشیا کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دیدی
October 2, 2022 ویب ڈیسک

سلہٹ (92 نیوز) - ویمن ایشیاء کپ میں پاکستان نے ملائیشیا کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستانی باؤلرز کی شاندار باؤلنگ کے باعث ملائیشیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 59 رنز بناسکی۔ کپتان وینفریڈ دوریسنگم صفر پر ہی چلتی بنیں، اوپنر وان جولیا 11 جبکہ ایلسا ہنٹر 29 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

ملائیشین ویمن ٹیم کی 9 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکیں جبکہ کپتان وینفریڈ دوریسنگم سمیت 5 کھلاڑیوں کو صفر کی خفت کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کی جانب سے اومائمہ سہیل نے 3، طوبیٰ نے 2، سعدیہ اور ڈیانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے اوپنرز منیبہ علی اور سدرہ آمین کی 45 رنز کی اوپنگ شراکت کی بدولت ہدف بآسانی ایک وکٹ پر9 اوورز میں حاصل کرلیا۔ سدرہ آمین 23 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ منیبہ علی 21 جبکہ کپتان بسمہ معروف 8 رنز بناکر ناقابل شکست رہیں۔

ملائیشیا کی جانب سے واحد وکٹ ماہرہ عزت اسماعیل نے حاصل کی۔

پاکستانی لیگ بریکر طوبیٰ حسن کو 4 اوورز میں 13 رنز کے عوض 2 کھلاڑی آؤٹ کرنے پر پلئیر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستانی ویمن ٹیم اپنے دوسرے میچ میں کل بنگلہ دیش کا مقابلہ کرے گی۔