Tuesday, April 23, 2024

وطنِ عزیز کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے سیاچن کی بلندیوں پر پاک فوج کے جوان پُرعزم

وطنِ عزیز کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے سیاچن کی بلندیوں پر پاک فوج کے جوان پُرعزم
May 3, 2022 ویب ڈیسک

سیاچن (92 نیوز) - دنیا کا بلند ترین اور سرد ترین محاذ جنگ، ایک طرف مکار دشمن اور دوسری طرف سخت موسمی حالات سردی اتنی کہ رگوں میں خون جم جائے لیکن پُرعزم جوانوں کا حوصلہ سیاچن کی بلندیوں سے بھی بلند ہے۔

مادر وطن کی محبت سے سرشار جوان ہمہ وقت تیار و بیدار ہیں۔ دشمن کی کیا مجال جو میلی آنکھ اُٹھا کر دیکھ سکے۔ سیاچن کی یخ بستہ بلندیوں میں سربکف کھڑے یہ جوان عید منارہے ہیں، جن کا اولین فریضہ وطن کی حفاظت ہے اور اس مقصد کیلئے وہ اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کر سکتے ہیں۔

خوشی غمی کے لمحات میں انہیں گھر والوں کی یاد ضرور ستاتی ہے، لیکن پھر وہ یہ سوچ کر دل کو تسلی دے دیتے ہیں کہ ان کی وجہ سے کروڑوں لوگ اپنے گھر والوں کے ساتھ سکون کی نیند سو رہے ہیں۔

سیاچن کی بلندیوں پر چوکس کھڑے یہ سپاہی دن کا آغاز دعا سے کرتے ہیں۔ پانی کا حصول برفیلے پہاڑوں میں آسان نہیں برف پگلا کر پانی تیار کیا جاتا ہے۔ اپنا پکوان بھی خود تیار کرتے ہیں، کبھی فرصت ملے گیمز کی محفل بھی سجا لیتے ہیں۔

نماز کا وقت ہو تو برفیلے پہاڑوں پر مصلح بچھایا جاتا ہے، رب تعالی کے حضور شکرانہ بجا لانے کے بعد وطن عزیز کئ سلامتی کیلئے دعائیں بھ مانگی جاتی ہیں۔

عوام کا فخر، دھرتی ماں کے سپاہی، دھرتی ماں کے ایک ایک ٹکڑے کے حفاظت کو اپنے لیے فرض سمجھتے ہیں،  ناپاک دشمن کے عزائم خاک میں ملانے ہوں یا شدید موسم سے پنجہ آزمائی دھرتی ماں کے جری سپاہی ہمہ وقت تیار ہیں۔