Friday, April 19, 2024

ورسٹائل اداکار حبیب کو دنیا سے گزرے 7 برس بیت گئے

ورسٹائل اداکار حبیب کو دنیا سے گزرے 7 برس بیت گئے
February 25, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - جاندار اداکاری، لازوال کردار ادا کرنے والے ورسٹائل اداکار حبیب کو دنیا سے گئے 7 برس بیت گئے۔ پاکستانی دیوداس کے نام سے مشہور اداکار حبیب نے 277 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ فلم، ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

بھارتی ریاست پٹیالہ میں پیدا ہوا والا حبیب جب تقسیم ہند کے بعد خاندان سمیت گوجرانوالہ پہنچا تو کوئی بھی نہ جانتا تھا کہ وہ شوبز کے افق پر ایسے جگمائے گا کہ آنے والے اداکار اس کے اسٹائل کو کاپی کریں گے، والدین نے نام تو حبیب الرحمن رکھا تھا، لیکن وہ مشہور صرف حبیب کے نام سے ہوئے۔

اعلیٰ تعلیم یافتہ حبیب نے 1958ء میں فلم لخت جگر سے فلمی کیریئر میں قدم رکھا اور پھر پیچھے مڑ کر نہ دیکھا، زہر عشق، ایاز، اولاد، خاندان، آشیانہ، سجن بےپرواہ، مکھڑا چن ورگا جیسی کئی ہٹ فلمیں دیں۔

اداکار حبیب نے مجموعی طور پر 277 فلموں میں اداکاری کی ۔ بہترین اداکاری پر انہیں نگار اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

پاکستانی دیوداس کہلانے والا حبیب 25 فروری، 2016 کو لاہور میں دماغ کی شریان پھٹ جانے سے مداحوں کو سوگوار کرگیا، لیکن ان کے لازوال کردار آج بھی مداحوں کے دل پر نقش ہیں۔