Saturday, May 11, 2024

ووٹ ڈالتے تبدیلی کے نام پر برپا کی گئی تباہی کے بارے ضرور سوچیئے گا، وزیراعظم

ووٹ ڈالتے تبدیلی کے نام پر برپا کی گئی تباہی کے بارے ضرور سوچیئے گا، وزیراعظم
July 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ضمنی الیکشن میں ووٹ ڈالتے ہوئے تبدیلی کے نام پر برپا کی گئی تباہی کے بارے ضرور سوچیئے گا۔ 

وزیراعظم نے ٹویٹ پیغام میں لکھا کہ ووٹرز عمران نیازی حکومت کے پونے چار سالہ سیاہ دور کی کرپشن، نااہلی، معاشی تباہی اور مافیا کی سہولت کاری و سرپرستی کا بھی ذہن میں رکھے، ملک کو منزل سے دور کرنے کا بدلہ آپ نے اپنے ووٹ سے لینا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ پنجاب کو پونے 4 سال بدترین گورننس کا نشانہ بنایا گیا، شہریوں کو مفت ادویات اور طلباء کو وظائف سے محروم کیا گیا۔ سرکاری آسامیوں اور تبادلوں کی کھلےعام خرید و فروخت کی گئی، شہری سہولیات کی حالت ابتر اور لاقانونیت عروج پر رہی۔ پنجاب کی جو حالت کی گئی، وہ پنجاب کے لوگوں کی توہین سے کم نہیں۔

شہباز شریف نے مزید لکھا کہ آپ کا ووٹ ہی آپکی طاقت ہے، اس طاقت سے انتشار، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کریں۔ ایک شخص کی اناء، اندازِ سیاست اور نااہلی نے ہمارے معاشرے کے حسن کو تہ و بالا کرکے رکھ دیا ہے۔ اپنا ووٹ قومی ترقی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے ڈالیں، مجھے آپکی قوتِ انتخاب پر پورا بھروسہ ہے۔

وزیراعظم نے مزید لکھا کہ پنجاب کے 20 حلقوں کے عوام سے اپیل ہے کہ بھرپور جذبے کے ساتھ گھروں سے نکلیں، ووٹ کا حق استعمال کریں، آپ کے مستقبل کا دارومدار اس پرچی پر ہے۔ بزرگ، مائیں اور مرد وخواتین آج فیصلہ دیں کہ پنجاب اور پاکستان میں خدمت کا راج ہوگا، نالائقی، جھوٹ اور کرپشن کا نہیں۔